پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے باکو اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں تاکہ پاکستان اور آذربائیجان کی کیپٹل مارکیٹوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔
منگل کے روز جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان اور آذربائیجان کی کیپٹل مارکیٹوں کے درمیان مضبوط مواصلاتی چینلز قائم کرنا اور تعلقات کو مضبوط بنانا ہے، جس سے دونوں ممالک کے مالیاتی خدمات کے شعبوں میں باہمی نمو اور ترقی کو فروغ ملے گا۔
اس شراکت داری کے تحت پی ایس ایکس اور بی ایس ای مارکیٹ آپریشنز، پروڈکٹ ڈیولپمنٹ اور ریگولیٹری بہترین طریقوں میں مہارت کا تبادلہ کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس تعاون سے سرحد پار سرمایہ کاری اور مارکیٹ کی کارکردگی اور لیکویڈیٹی کو بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ تعاون کے اہم شعبوں میں دوہری لسٹنگ اور سرمایہ کاری فنڈ ٹریڈنگ کی سہولت فراہم کرنا، مشترکہ طور پر مصنوعات تیار کرنا، مارکیٹ آپریشنز اور قواعد و ضوابط کے بارے میں بصیرت کا تبادلہ، عملے کی مدد کرنا اور باہمی فائدے کے لئے استعداد کار بڑھانے کے اقدامات میں مشغول ہونا شامل ہیں۔
پی ایس ایکس کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او فرخ سبزواری نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان اور آذربائیجان کی کیپٹل مارکیٹوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتی ہے۔
ہمیں یقین ہے کہ علم اور مہارت کے تبادلے سے دونوں اسٹاک ایکس چینجز زیادہ متحرک اور مسابقتی کیپٹل مارکیٹیں تشکیل دے سکتی ہیں، جس سے بالآخر دونوں ممالک میں سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو فائدہ پہنچے گا۔
سی ایف اے (چیئرمین مینجمنٹ بورڈ – باکو اسٹاک ایکسچینج) رسلان اے خلیلوف نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں، ایک ایسا تعاون جو ہمارے خطوں میں کیپیٹل مارکیٹوں کو آگے بڑھانے کے لئے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ مفاہمت نامہ جدید مواقع، سرحد پار سرمایہ کاری اور معلومات کے تبادلے کے دروازے کھولتا ہے جس سے آذربائیجان اور پاکستان دونوں کے مضبوط مالیاتی مستقبل کی راہ ہموار ہوتی ہے۔