لیبیا کشتی حادثہ، 16 پاکستانیوں کی لاشیں آج وطن واپس لائی جائیں گی

23 فروری 2025

لیبیا کے ساحل پر 5 فروری کو کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے 16 پاکستانیوں کی میتیں آج (اتوار) پاکستان پہنچائی جائیں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 16 سے زائد پاکستانیوں کی شناخت ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک کا تعلق باجوڑ، ایک کا اورکزئی اور ایک کا تعلق پشاور سے جبکہ باقی 13 کا تعلق پاراچنار سے ہے۔

جاں بحق افراد کے اہل خانہ لاشوں کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں اور دفتر خارجہ اور دیگر متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔

دفتر خارجہ نے سمندری حادثے کے فوری بعد وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کیا تھا۔

سابق وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد طوری نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاشیں آج (اتوار) پہنچ سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے زمینی راستے بند ہونے کی وجہ سے کشتی میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے پاراچنار لائی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میتیں بین الاقوامی ایئرلائن کے ذریعے پاکستان پہنچائی جائیں گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025

Read Comments