ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے امریکہ/یورپ سے درآمد کیے جانے والے 50 مختلف اقسام کے ملٹی میڈیا پروجیکٹرز، بشمول پاکٹ پروجیکٹرز کی کسٹمز ویلیو میں ترمیم کردی ہے تاکہ ان کی درآمدات کو قانونی ذرائع سے فروغ دیا جا سکے۔
ڈائریکٹوریٹ کی جانب سےجاری کردہ حکم نامہ نمبر 1971 برائے 2025 کے مطابق، 40 اقسام کے ملٹی میڈیا پروجیکٹرز اور 10 اقسام کے پاکٹ پروجیکٹرز کی نئی کسٹمز ویلیو مقرر کی گئی ہے۔
اس معاملے کے پس منظر سے معلوم ہوتا ہے کہ درآمدی ڈیٹا کے تجزیے، موجودہ مارکیٹ رجحانات، مارکیٹ قیمتوں اور کسٹمز ویلیو میں فرق کے پیش نظر، متعلقہ اشیاء کی کسٹمز ویلیو کے ازسرِ نو تعین کا عمل کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25 اور 25اے کے تحت شروع کیا گیا۔
درآمد کنندگان کا مؤقف ہے کہ ملٹی میڈیا پروجیکٹرز کی ویلیوایشن رولنگ کو نظرثانی کی ضرورت ہے، کیونکہ موجودہ ویلیوایشن رولنگ 8 سال سے زائد پرانی ہے۔ انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ ٹیکنالوجی میں جدت کے باعث گزشتہ برسوں میں ملٹی میڈیا پروجیکٹرز کی کسٹمز ویلیو نمایاں طور پر کم ہو چکی ہے۔
چونکہ متنازعہ ویلیوایشن رولنگ میں ملٹی میڈیا پروجیکٹرز کی کسٹمز ویلیو غیرمعمولی طور پر زیادہ مقرر کی گئی تھی، اس لیے ان اشیاء کی غلط ڈیکلیئریشن ایک عام مسئلہ بن چکا تھا۔ اگر ان اشیاء کی کسٹمز ویلیو کو منصفانہ بنایا جائے، تو درآمدات قانونی ذرائع سے بڑھیں گی، جس کے نتیجے میں حکومتی ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ مختلف ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹوں کا دورہ کیا گیا اور متعلقہ اشیاء کی اصل قیمتیں حاصل کی گئیں۔ بعدازاں، منافع کو ایڈجسٹ کرتے ہوئے کسٹمز ایکٹ 1969 کے سیکشن 25(7) کے تحت سی اینڈ ایف ویلیو کا تعین کیا گیا۔ یہ نئی ویلیوایشن رولنگ سابقہ ویلیوایشن رولنگ نمبر 942/2016، مؤرخہ 03-10-2016 کی جگہ لے گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025