ریٹیلرز مسائل، وزیراعظم کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

22 فروری 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات متعارف کرانے کے ساتھ حکومت کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔

پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے چیئرمین ضیاد بشیر کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ریٹیل بزنس کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور اس مقصد کے لئے حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو ریٹیلرز پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل ہیں، ان پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، بلکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ مزید ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ استعمال شدہ اشیاء کی آڑ میں اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے مقامی صنعت پر زور دیا کہ وہ جدت طرازی اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنائے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو اور بین الاقوامی مارکیٹ میں مؤثر طور پر مسابقت کی جا سکے۔

وفد کے اراکین نے معاشی استحکام کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی سے اشیاء کی کھپت اور پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وفد نے امید ظاہر کی کہ حکومت کے جاری اقدامات سے مہنگائی کی شرح مزید کم ہوگی اور صنعتی سرگرمیوں میں تیزی سے نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اصلاحاتی اقدامات معیشت پر دور رس مثبت اثرات ڈالیں گے جبکہ مزید ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے سے محصولات میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے ٹیکس نیٹ میں پہلے سے موجود خوردہ فروشوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments