وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا قیمتوں کے استحکام ، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام پر زور

22 فروری 2025

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ہدایت دی کہ ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں قیمتوں کے درمیان فرق مناسب سطح پر رکھا جائے اورذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے۔

وزیر منصوبہ بندی نے ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر موجودہ قیمتوں پر کنٹرول کے نظام کا جائزہ لیا گیا اور رمضان و عید کے دوران ضروری اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ اجلاس چیف منی پرائس اینڈ فسکل پالیسی ڈاکٹر حسن محسن کی میزبانی میں منعقد ہوا جب کہ اجلاس میں سیکریٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، چیف اسٹیٹیشن پی بی ایس ڈاکٹر نعیم ظفر اور ان کی ٹیم، جوائنٹ چیف اکانومسٹ، وزارت نیشنل فوڈ، وزارت صنعت و پیداوار، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، چیف سیکریٹریز، ایڈیشنل چیف سیکریٹریز اور ان کی ٹیموں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے صوبائی سطح پر کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں تمام صوبوں نے رمضان کے انتظامات کے حوالے سے اپنی تازہ رپورٹ پیش کی۔

پنجاب حکومت نے ”نگہبان رمضان پیکج“ کا اعلان کیا، جس کی مالیت 30 ارب روپے ہے۔ اس پیکج کے تحت 52 یوٹیلیٹی مارکیٹیں قائم کی جائیں گی، جہاں 16 ضروری اشیاء رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ مجموعی طور پر 67 ماڈل بازار قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں ضروری اشیاء کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد کر رہی ہیں۔

خیبر پختونخوا نے قیمتوں پر کنٹرول کے لیے خصوصی ٹیمیں فعال کر دی ہیں جب کہ بلوچستان نے قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے مارکیٹ کمیٹیوں کو متحرک کردیا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رمضان اور عید کے دوران سپلائی میں کسی بھی رکاوٹ یا تاخیر سے بچنے کے لیے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تھوک اور پرچون قیمتوں کے درمیان فرق ختم کیا جائے اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی نافذ کی جائے۔

وفاقی وزیر نے تمام صوبوں اور ادارہ شماریات کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کے رجحانات کا بغور جائزہ لیں یا ہفتے میں دو بار اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔

پروفیسر احسن نے رمضان اور عید کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے مربوط اور موثر حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان اور عید جیسے مذہبی تہواروں کے دوران اشیاء کی طلب میں اضافہ متوقع ہے لیکن ہر سال قیمتوں میں بلاجواز اضافہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان ادوار کے دوران رسد اور طلب کو فعال اور موثر انداز میں منظم کیا جائے۔

وزارت خوراک نے اجلاس کو رمضان سے متعلق انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان کے دوران ضروری اشیاء کی فراہمی اور قیمتوں کی صورتحال مستحکم رہنے کی توقع ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب میں آلو کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، جس کے باعث حالیہ ہفتوں میں اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں بھی مستحکم ہیں، جبکہ چینی کی سپلائی معمول کے مطابق ہے۔ وزارت صنعت اس حوالے سے مزید اقدامات کر رہی ہے۔

اجلاس میں عالمی سطح پر خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم اجلاس کو بتایا گیا کہ اس کی دستیابی میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ رمضان میں دالوں، مرغی اور کھجور کی طلب میں عمومی اضافہ دیکھا جاتا ہے، لیکن ان کی سپلائی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کھجور اور کیلے کی فصل خاصی بہتر ہوئی ہے، جس سے رمضان میں ان اشیاء کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی ہوگی۔

ڈاکٹر نعیم الظفر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بیورو قیمتوں اور مہنگائی کے حوالے سے ڈیسیژن سپورٹ سسٹم کے ذریعے جامع ڈیٹا فراہم کررہا ہے، جس سے مؤثر فیصلے لینے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مہنگائی میں کمی صرف فیصدی اعداد و شمار تک محدود نہیں رہی بلکہ اس کا اثر اصل قیمتوں میں نمایاں کمی کی صورت میں بھی نظر آ رہا ہے۔

بیورو کی رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا جنوری 2023 میں 2,812 روپے کا تھا، جو جنوری 2024 میں کم ہو کر 1,736 روپے پر آگیا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments