سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار روپے کی کمی

21 فروری 2025

سونے کی فی تولہ قیمت گزشتہ روز ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد آج بین الاقوامی نرخوں میں کمی کے تناظر میں پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ مقامی صرافہ بازاروں میں جمعہ کو 2 ہزار روپے کی کمی کے بعد فی تولہ سونا 3 لاکھ 7 ہزار روپے کا ہوگیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 1714 روپے کمی کے بعد 2 لاکھ 63 ہزار 203 روپے ہوگئی۔

جمعرات کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے اضافے سے 3 لاکھ 9 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں کمی ہوئی ہے۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق فی اونس سونے کی قیمت 2،930 ڈالر تھی، جس میں کاروباری دن کے دوران 23 ڈالر کی کمی آئی۔

دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 38 روپے کمی سے 3 ہزار 430 روپے ہوگئی۔

Read Comments