پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے خوارج کی مبینہ موجودگی پر علاقے میں آپریشن کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر موثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 6 خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے زور دے کر کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی لازوال قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی سیکورٹی فورسز کے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔