آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو برٹش آرمی اور ڈیپ ریک اسٹرائیک بریگیڈ کی جدید کاری کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے برطانوی آرمی چیف جنرل رولینڈ واکر کی دعوت پر وار منسٹر اور لاک ہل گیریژن کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے مصنوعی ذہانت اور بغیر پائلٹ سسٹمز سمیت جدید ٹیکنالوجیز کا مشاہدہ کیا، آرمی چیف کوبرطانوی فوج کے جدیدیت کے منصوبے، ڈیپ ریکی اسٹرائیک بریگیڈ پر بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ آرمی چیف برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ رائل ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں ساتویں ریجنل اسٹیبلائزیشن کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانیہ پہنچے پر آرمی چیف کا پرتپاک اور پروقار استقبال کیا گیا جس میں تاریخی رائل ہارس گارڈز پریڈ گراؤنڈ میں گارڈ آف آنر بھی شامل تھا۔
دورے کے دوران آرمی چیف برطانیہ کی سول اور عسکری قیادت کے اہم ارکان سے ملاقات کریں گے، جن میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف ایڈمرل ٹونی ریڈکون، برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر رولینڈ واکر اور برطانیہ کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جوناتھن نکولس پاول شامل ہیں۔
آرمی چیف برطانیہ کی ہوم سیکریٹری یوویٹ کوپر سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔