وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی مارکیٹ میں وسیع امکانات نظر آرہے ہیں کیونکہ پاکستان آئندہ تین سے پانچ سالوں میں اپنی برآمدات کو دوگنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز 2025 کے لیے دو روزہ العلا کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کیا، جس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سمیت عالمی مالیاتی رہنماؤں نے شرکت کی۔
پاکستان نے مشرق وسطیٰ اور چین کی منڈیوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے ہی متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں کاروباری تعاون کو یقینی بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط اور زیادہ سے زیادہ روزگار اور صنعتی ترقی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کا قیام شامل ہے۔
محمد اورنگزیب نے سعودی عرب میں العلا کانفرنس کے موقع پر اشرق بزنس اور بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا، “ہمارا عزائم یہ ہے کہ برآمدات کے لحاظ سے ہم تقریبا 30 ارب ڈالر سے زیادہ ہیں، اور ہم اگلے تین سے پانچ سالوں میں دوگنا کرنا چاہتے ہیں۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق جون 2024 میں گزشتہ مالی سال کے اختتام تک ملک نے بین الاقوامی مارکیٹ میں 30.7 ارب ڈالر مالیت کا سامان فروخت کیا جو 2023 میں ہونے والی برآمدات کے 27.7 ارب ڈالر کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران جنوری تک پاکستان کی برآمدات 10 فیصد اضافے کے ساتھ 19.6 ارب ڈالر رہیں جو ایک سال قبل اسی عرصے میں 17.8 ارب ڈالر تھیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کے ملک نے گزشتہ 12 سے 14 ماہ میں میکرو اکنامک استحکام کے حوالے سے ترقی کی ہے، اب وہ تجارت اور سرمایہ کاری کو اپنی اقتصادی ترقی کے انجن میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا، “آگے بڑھتے ہوئے، میں جی سی سی (خلیج تعاون کونسل) کو دیکھتا ہوں، جہاں ہم اس وقت بیٹھے ہیں، ہم ان مارکیٹوں میں برآمدات کے وسیع امکانات دیکھتے ہیں۔
جی سی سی ایک علاقائی تنظیم ہے جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت اور عمان شامل ہیں۔
پاکستان کی کمزور معیشت میں گزشتہ سال استحکام کے اشارے ملے ہیں، جنوری میں افراط زر کی شرح کم ہو کر 2.41 فیصد ہو گئی، جس سے مرکزی بینک کے لیے جون سے قرضوں کی شرح کو مجموعی طور پر 1000 بیسس پوائنٹس کم کر کے 12 فیصد کرنے کی گنجائش پیدا ہو گئی ہے تاکہ شرح نمو کو تیز کیا جا سکے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو جون میں ختم ہونے والے رواں مالی سال میں 2.5 سے 3.5 فیصد شرح نمو کی توقع ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا، “ہم اب اس اور اخراجات کو ترجیح دینے کے لئے دستیاب مالی گنجائش کو مستحکم اور استعمال کرنا چاہتے ہیں جو آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہمارے راستے میں مدد کرسکتا ہے۔