وزیرِاعظم شہبازشریف نے ورلڈ بینک گروپ کے حالیہ آغاز کردہ نئی دہائی پر مشتمل کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) 2026-35 کو سراہا جس میں 40 ارب ڈالر کی غیر معمولی معاونت شامل ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اس فریم ورک میں بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) اور بین الاقوامی بینک برائے تعمیر و ترقی (آئی بی آر ڈی) کی جانب سے 20 ارب ڈالر کے خودمختار قرضے شامل ہوں گے۔
انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے مزید 20 ارب ڈالر کا انتظام کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈبلیو بی جی کے نجی شعبے کی سرمایہ کاری شاخ آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو نائب صدر مختر ڈیوپ سے ملاقات کے دوران پاکستان میں آئی ایف سی کے جاری اور پائپ لائن پورٹ فولیو پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور پورٹ فولیو کو وسعت دینے میں آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے آئی ایف سی کو بنیادی شعبوں میں اپنی معاونت بڑھانے کی ترغیب دی، جن میں انفرااسٹرکچر اور لاجسٹکس، بڑے ائرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، ماحولیاتی تحفظ، صحت عامہ، اور پانی و صفائی شامل ہیں۔
انہوں نے آئی ایف سی کو دیگر کثیر الجہتی اداروں کے نجی شعبے سے وابستہ اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ترغیب دی، تاکہ ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی شمولیت کوزیادہ یقینی بنایا جاسکے اور اس کے اثرات کو وسعت دی جا سکے۔
شہباز شریف نے برآمدات پر مبنی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیتے ہوئے پاکستان کی معیشت کے پورے ایکو سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹائزیشن کی جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
مختر ڈیوپ نے جواباً نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ سڑکوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے، خصوصاً ٹرانسمیشن لائنز، ہوائی اڈوں کی خدمات، اور گندم ذخیرہ کرنے کے نظام، بشمول سائلوز کی بہتری کے ذریعے نجی شعبے کے کردار کو مستحکم کیا جا سکے اور برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں پائیدار معاشی ترقی کے لئے صحت مند آبادی کے حصول کے لئے پانی، صحت اور صفائی ستھرائی کے شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ڈیوپ نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کی مؤثر شراکت داری اور جاری معاشی اصلاحات کی کامیابی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پاکستان میں نجی شعبے کے آپریشنز کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ آئی ایف سی پاکستان میں نجی شعبے کو مسلسل تعاون فراہم کرے گی جو حکومت کی ترجیحات کے مطابق ہے۔
شہبازشریف نے انسانی ترقی بالخصوص پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے مختلف پروگرام وں کو ڈیزائن کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو مختلف اقدامات کے ذریعے ہنر مندی کی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔
ڈیوپ نے حکومت کے ترجیحی شعبوں پر آئی ایف سی کی توجہ بڑھانے کا وعدہ کیا اور پاکستان میں آئی ایف سی کی مداخلت کے لئے مسلسل حمایت پر وزیراعظم اور دیگر متعلقہ حکومتی اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025