سونے کی قیمت میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری، فی تولہ سونا 3 لاکھ 6 ہزار 200 روپے کا ہوگیا

بین الاقوامی نرخوں میں اضافے کے تناظرپاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں جمعہ کو بھی ریکارڈ اضافہ جاری رہا۔ مقامی...
14 فروری 2025

بین الاقوامی نرخوں میں اضافے کے تناظر میں پاکستان میں بھی سونے کے نرخوں میں جمعہ کو بھی ریکارڈ اضافہ جاری رہا۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2200 روپے اضافے سے 3 لاکھ 6 ہزار 200 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1886 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 62 ہزار 517 روپے ہوگئی۔

عالمی سطح پر، سونے کی قیمتیں جمعہ کو مستحکم رہیں اور مسلسل ساتویں ہفتہ وار اضافہ کے لیے تیار تھیں کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکہ کی درآمدات پر ٹیکس عائد کرنے والے ہر ملک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کے منصوبے نے عالمی تجارتی جنگ کے خدشات کو جنم دیا ہے۔

سونے کی بین الاقوامی قیمت بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق فی اونس سونے کی قیمت 2,933 ڈالر تھی اور کاروباری دن کے دوران اس میں 20 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت 83 روپے اضافے سے 3 ہزار 450 روپے ہوگئی۔

یاد رہے کہ جمعرات کو پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 2500 روپے اضافے سے 3 لاکھ 4 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

Read Comments