ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافہ

اپ ڈیٹ 14 فروری 2025

انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.02 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

کاروبار کے اختتام پر روپیہ 5 پیسے کی بہتری سے 279.21 روپے پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ جمعرات کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 279.26 پر بند ہوا تھا۔

بین الاقوامی سطح پر ڈالر اور دیگر بڑی کرنسیاں جمعہ کو مستحکم رہیں، کیونکہ تاجروں نے واشنگٹن کے جوابی ٹیرف کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جو فوری طور پر نافذ نہیں کیے جائیں گے جب کہ امریکی پروڈیوسر پرائس رپورٹ نے مہنگائی سے متعلق خدشات کو کم کردیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اپنی معاشی ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ ہر اس ملک پر جوابی ٹیرف کے منصوبے تیار کرے جو امریکی درآمدات پر ٹیکس عائد کرتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کے مطابق اگرچہ یہ ٹیرف فوری طور پر نافذ نہیں ہوں گے، لیکن ٹرمپ کی تجارتی اور معاشی ٹیم کے دوطرفہ ٹیرف اور تجارتی تعلقات کے جائزے کے بعد چند ہفتوں میں ان پر عملدرآمد ہو سکتا ہے۔

تاخیر سے نفاذ کی خبر نے یہ توقعات بڑھا دی ہیں کہ ممالک کے پاس ابھی بھی مذاکرات کا موقع ہوسکتا ہے۔

فیوچر ٹریڈرز نے اس سال کے لیے تقریباً 33 بیسز پوائنٹس کی کٹوتیوں کو قیمت میں شامل کر لیا ہے۔ یہ جمعرات کے ڈیٹا سے پہلے 29 بیسز پوائنٹس تھا، لیکن بدھ کو سی پی آئی ڈیٹا جاری ہونے سے پہلے 37 بیسز پوائنٹس تھا۔

امریکی ڈالر انڈیکس تقریبا 107.07 پر مستحکم رہا۔

امریکی ٹریژری کے منافع میں کمی آئی کیونکہ سرمایہ کاروں نے پی پی آئی کے اعداد و شمار میں اطمینان کا اظہار کیا جس سے ین کو بدھ کو 154.80 تک کمزور ہونے کے بعد اپنے زیادہ تر نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملی۔

یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے

Read Comments