یوکرین امن معاہدے کا امکان ، خام تیل کی قیمتیں گرگئیں

13 فروری 2025

خام تیل کی قیمتوں میں جمعرات کو کمی واقع ہوئی کیونکہ یوکرین اور روس کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کی توقعات نے ان پابندیوں کے خاتمے کا امکان پیدا کیا جو سپلائی میں رکاوٹ بنی ہوئی تھیں۔ اس کے علاوہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوابی ٹیرف متعارف کرانے کے ارادے نے مہنگائی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 52 سینٹ یا 0.73 فیصد کمی سے 74.63 ڈالر فی بیرل رہی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 52 سینٹ یا 0.73 فیصد کی کمی سے 70.85 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی ۔

بدھ کو برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی میں 2 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی جب ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے ان کے ساتھ الگ الگ فون کالز میں امن کی خواہش کا اظہار کیا، ٹرمپ نے اعلی امریکی حکام کو یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لئے بات چیت شروع کرنے کا حکم دیا۔

روس دنیا کا تیسرا بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک ہے اور تقریباً تین سال قبل یوکرین پر حملے کے نتیجے میں اس کی خام تیل کی برآمدات پر عائد پابندیوں نے قیمتوں کو بلند رکھنے میں مدد دی ہے۔

اے این زیڈ کے تجزیہ کاروں نے جمعرات کو ایک نوٹ میں کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ ممکنہ امن مذاکرات کی خبریں ہیں، کیونکہ اس سے یہ امید پیدا ہوئی کہ خام تیل کی سپلائی کو درپیش خطرات کم ہو جائیں گے۔

انہوں نے اس جانب اشارہ کیا کہ امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندیوں نے روس کی تیل کی پیداوار کو کم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپلائی میں کمی کی علامات حالیہ ہفتوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنی ہیں۔ امریکی پابندیوں نے روسی آئل کمپنیوں اور بحری جہازوں پر دباؤ بڑھا کر صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے امریکی تجارتی شراکت داروں کے خلاف اضافی ٹیرف لگانے کی دھمکی نے بھی قیمتوں پر دباؤ ڈالا، کیونکہ اس سے اقتصادی ترقی میں کمی اور نتیجتاً تیل کی طلب میں کمی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ بدھ کی شام سے امریکی درآمدات پر محصولات عائد کرنے والے ہر ملک پر جوابی محصولات عائد کریں گے، اس اقدام سے بڑھتی عالمی تجارتی جنگ کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے اور امریکی افراط زر میں تیزی آنے کا خطرہ ہے۔

تیل کی قیمتوں میں کمی

دنیا کے سب سے بڑے خام تیل کے صارف امریکہ میں خام تیل کے ذخائر میں اضافے نے بھی مارکیٹ پر دباؤ ڈالا۔

انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (ای آئی اے) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی خام تیل کے اسٹاک میں توقع سے زیادہ اضافہ ہوا۔

ای آئی اے نے کہا کہ 7 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کی انونٹریز 4.1 ملین بیرل بڑھ کر 427.9 ملین بیرل ہو گئیں، جبکہ تجزیہ کاروں نے رائٹرز کے سروے میں 3 ملین بیرل اضافے کی توقع کی تھی۔

Read Comments