آرمی چیف کا طلباء پر بہترین تعلیمی کارکردگی اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے پر زور

12 فروری 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بدھ کے روز پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تعلیمی مہارت حاصل کریں اور ایسی مہارتیں پیدا کریں جو انہیں ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر نے بیرونی خطرات بالخصوص سرحد پار دہشت گردی سے درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔

آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت کا اعتراف کیا۔

انہوں نے نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیتوں اور جدت طرازی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں قوم کے مستقبل کے رہنما قرار دیا۔

سپہ سالار نے پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور اقدار کو فکری اور ذاتی ترقی کی بنیاد کے طور پر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل عاصم منیر کا خطاب قومی سلامتی کے لیے پاک فوج کے عزم اور نوجوانوں پر یقین کو اجاگر کرتا ہے۔

Read Comments