کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تین ملکی ون ڈے سیریز کے ورچوئل سیمی فائنل میں ہینرک کلاسن اور میتھیو بریٹزکے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔
پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد اوپنرز ٹونی ڈی زورزی اور ٹیمبا باؤوما نے پہلے 8 اوورز میں 50 رنز بنا کر پروٹیز کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کو8 ویں اوور کی آخری گیند پر پہلی کامیابی ملی۔ شاہین شاہ آفریدی نے ڈی زورزی (22) کی وکٹ حاصل کی جسے سلمان علی آغا نے شاندار کیچ لیتے ہوئے شکار کیا اور جنوبی افریقہ کو ایک وکٹ کے نقصان پر 51 رنز تک محدود کردیا۔
اس کے بعد باؤوما اور بریٹزکے نے ذمہ داری سنبھالی اور ایک اہم شراکت داری قائم کی جس نے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ باووما نے اپنی جارحانہ حکمت عملی جاری رکھتے ہوئے ابرار کے اوور میں یکے بعد دیگرے چوکے لگائے جبکہ بریٹزکے نے عمدہ اسٹروک کا انتخاب کیا۔
جنوبی افریقہ نے 16 ویں اوور میں 100 رنز کا ہندسہ عبور کیا جس میں باؤوما اور بریٹزکے پراعتماد نظر آئے۔ ان دونوں نے 100 رنز کی شراکت قائم کی اور جنوبی افریقہ نے درمیان کے اوورز میں غلبہ حاصل کیا۔
پاکستان کی مایوسی 26 ویں اوور میں اس وقت مزید بڑھ گئی جب ایک ناکام جائزے سے پتہ چلا کہ حسنین کی گیند اسٹمپ سے باہر تھی، جس کی وجہ سے بریٹزکے کو نئی زندگی مل گئی ۔
تاہم سعود شکیل کی شاندارتھرو کے نتیجے میں باؤوما کی اننگز کا خاتمہ کردیا، کیونکہ ان کی جانب سے پھینکی گئی گیند سیدھی وکٹوں میں جا کر لگی جبکہ اس وقت رنز کے لیے دوڑنے والے جنوبی افریقی کپتان کریز سے باہرتھے ۔ انہوں نے 95 گیندوں پر 82 رنز اسکور کئے جس میں 13 شاندارچوکے بھی شامل تھے۔
باؤوما کے پویلین لوٹنے کے بعد کلاسن نے دھواں دار جوابی حملے کے ذریعے اننگز کا کنٹرول سنبھال لیا۔ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے کوئی وقت ضائع کیے بغیربہت کم وقٹ 5 چوکے لگائے،جن میں حسنین کے صرف ایک اوور میں 4 چوکے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے پاکستانی بولرز کی حکمت عملی کو طاقت اور مہارت کے امتزاج سے اناکام بنا دیا اور صرف 56 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے جس میں 10 شاندار چوکے اور 3 بلند وبالا چھکے شامل تھے۔
بریٹزکے نے 84 گیندوں پر 83 رنز پر آؤٹ ہونے سے قبل اہم معاون کردار ادا کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پروٹیز مضبوط پوزیشن میں رہے۔ بعد ازاں ڈیوڈ ملر نے 25 گیندوں پر 38 رنز بنائے جبکہ کائل ویرین نے 30 گیندوں پر 36 اور کوربن بوش نے 8 گیندوں پر 14 رنز کی اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کو 350 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں مدد فراہم کی۔
کائل ویرین (30 گیندوں پر 36* اور کوربن بوش (8 گیندوں پر 14* ) نے پروٹیز کی مضبوط بیٹنگ کارکردگی کو مزید مستحکم کیا ، جس سے پاکستان کو مشکل ہدف کا تعاقب کرنا پڑا۔
نسیم شاہ اور شاہین آفریدی اختتامی مرحلے میں وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن پاکستان کے بولرز جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن اپ پر قابو پانے میں ناکام رہے۔