آئی سی سی نے سرفراز احمد کو چیمپئنز ٹرافی کا سفیر مقرر کردیا

12 فروری 2025

چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد کو آئی سی سی ایونٹ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

ان کے ساتھ شامل دیگر اسٹارز کھلاڑیوں میں دو بار کے چیمپیئن آسٹریلیا کے شین واٹسن، بھارت کی 2013 کی ٹرافی جیتنے والی مہم میں سیریز کے بہترین کھلاڑی شیکھر دھون اور نیوزی لینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی شامل ہیں۔

سرفراز احمد نے اس اعزاز پر آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں 2017 کے وہ لمحات کبھی نہیں بھولوں گا جب میں نے بطور کپتان سفید جیکٹ پہنے اور ٹرافی فضا میں بلند کرتے ہوئے کتنا خاص محسوس ہوا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو اپنی حمایت میں کھڑی دیکھنا اور جشن منانا بھی ایک ایسی چیز ہے جو میرے دل کو بہت عزیز ہے، اس لیے میں یہ دیکھ کر خوش ہوں کہ یہ مقابلہ کرکٹ کیلنڈر میں واپس آ رہا ہے اور میرے ملک کو اس طرح کے خصوصی ایونٹ کی میزبانی کا موقع دیا گیا ہے۔

سابق پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے موجودہ فارمیٹ میں ہر میچ اہم ہوگا۔

شیکھر دھون نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا حصہ بننا ایک خاص احساس ہے اور سفیر کی حیثیت سے آئندہ ایڈیشن سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملنا ایک اعزاز کی بات ہے۔

آئندہ چند ہفتوں میں ہم دیکھیں گے کہ دنیا کی بہترین ٹیمیں سفید جیکٹس کے لیے مقابلہ کریں گی اور یہ جانتے ہوئے کہ ایک غلطی یا ایک ہار ان کی امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔ یہ حتمی مقابلہ ہے جہاں یہ سب لائن پر ہے اور یہی چیز اسے اتنا سنسنی خیز منظر بناتی ہے۔

ٹم ساؤتھی کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سفیر بننے پر بہت خوش ہیں۔ یہ ایک ایسا ایونٹ ہے جسے کھیلنے میں مجھے ہمیشہ مزہ آیا اور ایک ایسا واقعہ جو ہمیشہ تفریح اور ڈرامہ پیش کرتا ہے۔

ایک کھلاڑی کی حیثیت سے آپ جانتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی فارمیٹ میں ہر میچ، ہر گیند اور ہر لمحہ اہمیت رکھتا ہے اور بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، میں یہ دیکھنے کا انتظار نہیں کر سکتا کہ ایکشن کیسا ہوگا۔

شین واٹسن نے کہا کہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی واقعی ایک انوکھا ایونٹ ہے جس نے ہمیں کئی سالوں میں ناقابل فراموش لمحات فراہم کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹاپ 8 ٹیمیں سفید جیکٹس پہن کر آمنے سامنے ہوں گی اور ہم یقینی طور پر تین سنسنی خیز ہفتوں میں ’کرو یا مرو‘ کی غیر معمولی کرکٹ دیکھیں گے۔

Read Comments