آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے اخراجات میں کمی کے لیے حمایت کا عندیہ دے دیا

آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے اخراجات میں کمی کے لیے حمایت کا عندیہ دے دیا
12 فروری 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ڈیوٹیز اور توانائی سمیت پیداواری لاگت کم کرنے پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تفصیلی پلان طلب کیا ہے۔

وفاقی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب میں نے پاور سیکٹر کی بات کرتے ہوئے ایم ڈی آئی ایم ایف کو بتایا کہ صنعتیں، برآمدات اور معیشت صرف اسی صورت میں ترقی کرے گی جب پیداواری لاگت کم کی جائے گی۔ ترقی صرف اسی وقت ممکن ہوگی جب ہمارا ڈیوٹی اسٹرکچر اور توانائی میں کمی آئے گی۔

اس پر آئی ایم ایف کے سربراہ نے بہت مثبت جواب دیا، انہوں نے ان خدشات کو مسترد کیا کہ آئی ایم ایف ایسے اقدامات کو مسترد کرے گا اور پاکستان کو ایک جامع منصوبہ پیش کرنے کی ترغیب دی۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے نائب وزیر اعظم (ڈی پی ایم) کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئی ایم ایف سے رجوع کرنے سے پہلے صوبائی مشاورت سے یہ منصوبہ تیار کریں۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ملاقات کے دوران جارجیوا نے جاری پروگرام کے حوالے سے پاکستان کی اقتصادی ٹیم کے عزم کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈی پی ورلڈ پاکستان میں اپنے آپریشنل پورٹ فولیو کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو ورلڈ گورنمنٹ سمٹ (ڈبلیو جی ایس) 2025 کے موقع پر آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی، جو مارچ کے آغاز میں مجوزہ 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف بیل آؤٹ کے پہلے جائزے سے قبل کی گئی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام اور حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کے ذریعے حاصل ہونے والے میکرو اکنامک استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں انفرا اسٹرکچر اصلاحات کے نفاذ اور مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا گیا جو معاشی استحکام کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا۔

علاوہ ازیں آئی ایم ایف کا 3 رکنی وفد توسیعی فنڈ ای ایف ایف پروگرام کے تحت جائزہ لینے کے لیے پاکستان میں موجود ہے۔

Read Comments