نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دبئی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے &e گروپ، سابقہ اتصالات، کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) خلیفہ الشمسی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کی سازگار سرمایہ کاری پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ای اینڈ کو ملک کے ٹیلی کام سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
دریں اثنا خلیفہ الشمسی نے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خطے میں بڑھتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر ملک کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
اس موقع پر چیف آپریشنز آفیسر ای اینڈ انٹرنیشنل خالد حجازی اور پاکستان کی جانب سے حکام بھی موجود تھے۔
متحدہ عرب امارات پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 1.6 ملین سے زائد پاکستانی تارکین وطن کی موجودگی سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، جو قابل ذکر ترسیلات زر وطن بھیجتے ہیں۔
گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کے رحیم یار خان کے دورے کے بعد متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر سے زائد کی رقم واپس کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔