امریکی سرمایہ کار جنٹری بیچ کا پاکستان میں تیز رفتار سرمایہ کاری کا عزم

11 فروری 2025

معروف امریکی تاجر اور سرمایہ کار، جنٹری بیچ نے پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری منصوبوں کو تیزی سے عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے معروف ہیج فنڈ منیجر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے قریبی کاروباری ساتھی بیچ نے دبئی میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور معاشی امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران امریکی بزنس مین نے پاکستان کی حالیہ اقتصادی استحکام کو سراہا۔

اپنے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے بیچ نے حکومت کی پالیسیوں کو ”کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار“ قرار دیا اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف جو دو روزہ سرکاری دورے پر دبئی میں ہیں، نے امریکی کاروباری وفد کو بتایا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت اور کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔ یہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا بہترین وقت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات ہیں اور ان کی حکومت دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوئے جہاں وہ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گے۔

وہ یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیرِاعظم اور دبئی کے حکمران، شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر کررہے ہیں۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد بھی موجود ہے۔

دورے کے دوران شہبازشریف یواےای کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ شریک ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

Read Comments