ترک صدر رجب طیب اردوان بدھ کو پاکستان پہنچیں گے

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان پاک ترکیہ اسٹریٹجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے
11 فروری 2025

وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر ترک صدر رجب طیب اردوان 12 فروری (بدھ) کو پاکستان پہنچیں گے۔

وزارت خارجہ کی منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صدر اردوان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح وفد ہوگا جس میں وزراء، سینئر حکام اور کارپوریٹ سیکٹر کے رہنما شامل ہوں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر اردوان پاکستان-ترکیہ اعلیٰ سطح اسٹریٹجک تعاون کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ اور متعدد اہم معاہدوں/مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط متوقع ہیں۔

وزارت نے مزید کہا کہ دونوں رہنما مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنما مشترکہ پریس بریفنگ سے بھی خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ ایچ ایل ایس سی سی اعلیٰ سطح کا فیصلہ ساز فورم ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسٹریٹجک سمت فراہم کرتا ہے۔

ایچ ایل ایس سی سی کے تحت متعدد مشترکہ قائمہ کمیٹیاں (جے ایس سیز) ہیں، جو تجارت، سرمایہ کاری، بینکاری، مالیات، ثقافت، سیاحت، توانائی، دفاع، زراعت، ٹرانسپورٹ، مواصلات، آئی ٹی، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم جیسے شعبوں کا احاطہ کرتی ہیں۔ اب تک ایچ ایل ایس سی سی کے 6 اجلاس منعقد ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ آخری اجلاس 13سے 14 فروری 2020 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔

دریں اثنا، صدر اردوان وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترک صدر وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان-ترکیہ بزنس اینڈ انوسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

قبل ازیں ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ “دورے کا سب سے بڑا متوقع نتیجہ اشیا کی تجارت کے معاہدے میں توسیع کے لیے مذاکرات کا آغاز ہوگا، جس میں سرمایہ کاری، ڈیجیٹل تجارت، غیر محصولاتی رکاوٹوں کے خاتمے اور مزید محصولات میں رعایتوں کو شامل کیا جائے گا۔ یہ اقدامات بالآخر تجارت و سرمایہ کاری کی کوششوں کو سہولت فراہم کریں گے اور موجودہ جمود سے آگے بڑھاتے ہوئے تجارتی حجم میں اضافہ کریں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ترکیہ نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور تقریباً 1.3 ارب ڈالر کی جمود کا شکار تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف رکھا ہے۔ بالآخر، یہ اقدام دونوں ممالک کی تجارتی کارکردگی میں اضافہ کرے گا اور دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

زرداری اور اردوان کا باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال

دریں اثنا صدر آصف علی زرداری نے پیر کو پرتگال جاتے ہوئے استنبول ائرپورٹ پر مختصر قیام کے دوران اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کی۔

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان نے ائرپورٹ پر صدر زرداری کا پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات میں صدر آصف علی زرداری اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

Read Comments