اسٹاک مارکیٹ: خریداری کا رجحان ،100 انڈیکس 113,000 سے زائد پوائنٹس پر بند

اپ ڈیٹ 11 فروری 2025

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مسلسل دوسرے روز بھی مثبت رجحان برقرار رہا، منگل کو بینچ مارک کے ایس ای 100 میں 1600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 113,000 پوائنٹس کی سطح سے اوپر بند ہوا۔

کاروباری سیشن کے دوران خریداری کا رجحان دیکھا گیا جس کے نتیجے میں انٹرا ڈے کے دوران بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس بلند ترین سطح 113,233.40 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 1,632.42 پوائنٹس یا 1.47 فیصد اضافے کے ساتھ 113,010.38 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

سیمنٹ، کیمیکل، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز، ریفائنری اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ جس میں حبکو، پی ایس او، شیل، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ای ایف ای آر ٹی، ایچ بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں بیرون ملک مقیم کارکنوں کی ترسیلات زر 3 ارب ڈالر رہیں جو دسمبر 2024 کے 3.1 ارب ڈالر کے مقابلے میں 3.2 فیصد کم ہیں۔

جولائی تا جنوری مالی سال 25ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر میں 20.8 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جولائی تا جنوری مالی سال 24 کے دوران ترسیلات زر 15.8 ارب ڈالر تھیں۔

پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 1000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 11 ہزار377 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر سونے کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، امریکی ڈالر مستحکم رہا اور ہانگ کانگ کے حصص چار ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے کیونکہ سرمایہ کاروں نے امریکی تجارتی پالیسی میں تبدیلیوں کا جائزہ لیا اور فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول سے محصولات اور افراط زر کے بارے میں سننے کا انتظار کیا۔

ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ میں ایک ماہ کے دوران 12 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کینیڈا اور میکسیکو پر مکمل محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

ٹرمپ نے پیر کے روز اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر محصولات کو 25 فیصد تک بڑھا دیا تھا جس سے امریکی اسٹیل مینوفیکچررز کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔

اس ماہ کے اوائل میں چینی درآمدات پر 10 فیصد کا ٹیرف نافذ العمل ہوا تھا اور امریکی توانائی اور کچھ اشیا پر جوابی چینی محصولات پیر سے نافذ العمل ہوئے تھے۔

بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان معاملات طے ہونے کی طرف پیش رفت کے بہت کم اشارے ملے ہیں ، لیکن پیش رفت کی توقعات زیادہ ہیں۔

سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق، مارکیٹیں بڑی حد تک توقع کر رہی ہیں کہ فیڈ مارچ کے اجلاس میں شرح سود کو مستحکم رکھے گا، اور جون تک کم از کم 25 بیسس پوائنٹس کی کٹوتی کی توقعات 50 فیصد سے اوپر نہیں جائیں گی۔

بینچ مارک 10 سالہ ٹریژری کے منافع 4.495 فیصد پر بند ہوئے اور جاپان میں عام تعطیل کی وجہ سے ایشیا سیشن میں اس کا کوئی ٹریڈ نہیں ہوا۔

Read Comments