وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ

10 فروری 2025

وزیراعظم شہباز شریف دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے۔

وہ یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان شامل ہیں۔

دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں بڑی تعداد میں سربراہان مملکت و حکومت، عالمی پالیسی ساز اور نجی شعبے کی معروف شخصیات شرکت کریں گی اور گورننس، جدت طرازی اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کریں گی۔

وزیر اعظم ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں کلیدی خطاب کریں گے جس میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس میں اصلاحات کے لیے پاکستان کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔

دورے کے دوران شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ شریک ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

Read Comments