ایف بی آر سے گوادر میں مکمل فعال ٹیکس دفتر کے قیام کا مطالبہ

پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن (پی ٹی بی اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے گوادر میں فوری طور پر مکمل فعال...
08 فروری 2025

پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن (پی ٹی بی اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے گوادر میں فوری طور پر مکمل فعال ٹیکس آفس قائم کرنے کی درخواست کی۔

معروف سیلز ٹیکس ماہر فضل فراز نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ پی ٹی بی اے نے اپنے تجاویز ایف بی آر چیئرمین کو ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران پیش کی ہیں۔

حال ہی میں، پی ٹی بی اے نے گوادر میں ٹیکس آگاہی اور کمپلائنس سے متعلق ایک سیمینار منعقد کیا اور عارضی طور پر مکران ٹیکس بار قائم کی، جو گوادر، تربت اور دیگر قریبی شہروں کو کور کرتی ہے۔

پاکستان میں اسٹریٹجک اقتصادی اہمیت کے حامل شہر گوادر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایم آر) کے مکمل طور پر فعال دفتر کی اشد ضرورت ہے۔ ایف بی آر کا گوادر میں سہولت مرکز ہے لیکن یہ ٹیکس دہندگان کی تعمیل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کافی نہیں ہے۔

گوادر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میں اپنے کلیدی کردار کے باعث معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن کر ابھرا ہے۔ شہر کی تیز رفتار ترقی، بڑھتی تجارتی سرگرمی اور گوادر پورٹ کے قیام نے اس کے اقتصادی پروفائل کو نمایاں طور پر بلند کردیا ہے، جس کے نتیجے میں موثر ٹیکس انتظامیہ اور سہولت کی خدمات کی اشد ضرورت پیدا ہوئی ہے۔

گوادر کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے باوجود، یہاں فی الحال ایف بی آر کا کوئی مخصوص دفتر موجود نہیں، سوائے ایک سہولت مرکز کے، جو خطے میں کام کرنے والے کاروباری اداروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کی ٹیکس اور کسٹمز سے متعلق ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔

گوادر میں مکمل طور پر فعال ایف بی آر دفتر کے قیام سے محصولات کی وصولی میں اضافہ ہوگا: مقامی دفتر کے ساتھ ٹیکس وصولی کے عمل کو ہموار کیا جاسکتا ہے، کاروباری اداروں سے تعمیل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور ریونیو لیکیج کو کم کیا جاسکتا ہے۔

مقامی سطح پر ایف بی آر کی موجودگی کاروباری اداروں کو ضروری معاونت فراہم کرے گی، جس سے وہ ٹیکس قوانین کی مؤثر طریقے سے تعمیل کرسکیں گے۔معاشی ترقی کا فروغ: ٹیکس کے عمل کو آسان بنا کر، ایف بی آر خطے میں مزید کاروباری سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر سکتا ہے جو گوادر کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پی ٹی بی اے کا کہنا ہے کہ ایک مخصوص ایف بی آر دفتر کاروباری سرگرمیوں کی نگرانی اور آڈٹ میں معاون ثابت ہوگا، جس سے شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

پی ٹی بی اے نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ گوادر میں ایک مکمل فعال ایف بی آر دفتر کے قیام کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ اگر فوری طور پر یہ ممکن نہ ہو، تو کم از کم حب کے علاقائی دفتر سے ٹیکس دہندگان کے لیے ویڈیو لنک سہولت فراہم کی جائے یا افسران باری باری گوادر کا دورہ کریں تاکہ سماعتیں مقامی سطح پر منعقد ہو سکیں، بجائے اس کے کہ ٹیکس دہندگان کو اپنے کیس کی سماعت کے لیے 5 سے 6 گھنٹے طویل سفر کرنا پڑے۔

بعد ازاں ایف بی آر گوادر میں مکمل طور پر فعال آر ٹی او قائم کرے گا۔ اس طرح کے اقدام سے نہ صرف خطے کی فوری ضروریات پوری ہوں گی بلکہ معاشی نمو اور ترقی کو فروغ دینے کے حکومتی وژن سے بھی ہم آہنگ ہوں گے۔

پی ٹی بی اے کو یقین ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو گوادر اور خطے میں ٹیکس دہندگان کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تیز اور فعال اقدامات کرے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments