سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ روپے سے متجاوز

07 فروری 2025

ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ روپے کی بلند سطح عبور کرگئی۔

عالمی بلین مارکیٹ سونا 10 ڈالر کے اضافے سے 2869 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا ایک ہزار 346 روپے کے نمایاں اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 3 لاکھ روپے کی بلند سطح عبور کرتے ہوئے 3 لاکھ 46 روپے پر جاپہنچا۔

اسی طرح دس گرام سونا ایک ہزار 154 روپے کے بڑے اضافے سے 2 لاکھ 57 ہزار 241 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔

یاد رہے کہ جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 900 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 98 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔

تجارتی جنگ کے خدشات کے پیش نظر سرمایہ کاروں کا رخ محفوظ اثاثوں کی طرف ہوگیا ہے جس سے سونے کی قیمتیں بلند سطح پر پہنچ گئیں۔

سنگاپور میں قائم ڈیلر گولڈ سلور سینٹرل کے منیجنگ ڈائریکٹر برائن لین نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ اب بھی ایک بڑھتا ہوا مارکیٹ رجحان ہے اور ہم سونے کی قیمتوں کو نئی بلندیوں تک جاتے دیکھتے رہیں گے کیونکہ اب یہ ایک نامعلوم حد میں داخل ہو چکا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو، کینیڈا اور چین سے درآمدات پر وسیع پیمانے پر ٹیرف عائد کرنے کا حکم دیا، یہ شرط رکھتے ہوئے کہ یہ ممالک امریکہ میں فینٹینائل کی اسمگلنگ – اور میکسیکو و کینیڈا کے معاملے میں غیر قانونی تارکین وطن کے بہاؤ – کو روکیں۔ اس فیصلے سے ایک تجارتی جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے جو عالمی معیشت کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور مہنگائی میں دوبارہ اضافہ کرسکتا ہے۔

جواباً، چین نے امریکی درآمدات پر ٹیرف عائد کردیے جو کہ امریکی مصنوعات پر لگائے گئے نئے محصولات کے خلاف فوری ردِعمل تھا۔

دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 51 روپے کے اضافے سے 3378 روپے ہوگئی۔

Read Comments