محمد اورنگزیب کی شاہد جاوید برکی اور شمشاد اختر سے ملاقات، معاشی صورتحال پر گفتگو

07 فروری 2025

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سابق نگران وزرائے خزانہ شاہد جاوید برکی اور شمشاد اختر سے فنانس ڈویژن میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران ملک کی اقتصادی ترقی اور میکرو اکنامک استحکام کی بحالی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھنے کے لئے حکومت کی اسٹریٹجک کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہد جاوید برکی اور شمشاد اختر، جو مالی اور معاشی معاملات میں اپنی مہارت اور قیادت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، نے اپنے وسیع تجربے سے قیمتی بصیرت اور نقطہ نظر کا تبادلہ کیا، جس نے اقتصادی گورننس میں سینیٹر اورنگزیب کی جاری کوششوں کو تعمیری ان پٹ فراہم کیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے ادارہ جاتی تعمیر، اقتصادی پالیسی کی تشکیل اور معاشی انتظام میں دونوں تجربہ کار ماہرین اقتصادیات کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے ملک کے مالیاتی منظرنامے کی سمت کی تشکیل میں ان کے کردار اور ملک کے چند معروف مالیاتی اور تعلیمی اداروں میں ان کی نمایاں خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments