ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جہاں انہوں نے ان کی خیریت دریافت کی اور اہم قومی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزراء احسن اقبال اور عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ وزیراعظم نے مولانا کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی جبکہ جے یو آئی (ف) کے رہنما نے نیک تمناؤں پر اظہار تشکر بھی کیا۔
ملاقات میں اہم مسائل کو بات چیت اور تعاون کے ذریعے حل کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔
یہ ملاقات پی ٹی آئی کی جانب سے جے یو آئی (ف) کو موجودہ حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک شروع کرنے کی پیشکش کے بعد ہوئی ہے۔
اس سے قبل عمر ایوب، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور اخونزادہ حسین پر مشتمل پی ٹی آئی کے وفد نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی تھی اور انہیں حکومت کیخلاف مشترکہ تحریک شروع کرنے کی پیشکش کی تھی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کو یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنی جماعت کے اراکین سے مشاورت کریں گے۔