وزیراعظم کی نجکاری کیلئے قانونی ماہرین کی مدد لینے کی ہدایت

  • عوام کے قیمتی وسائل ضائع کرنے والے اداروں کو مزید نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دوں گا، شہباز شریف
06 فروری 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے نجکاری کے عمل میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بہتر شہرت کے حامل قانونی ماہرین کی مدد لینے کی ہدایت کردی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل اور اس کی نگرانی کے حوالے سے بنائے گئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عوام کے قیمتی وسائل ضائع کرنے والے اداروں کو مزید نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری حکومت کے حال ہی میں شروع کیے گئے ’اڑان پاکستان‘ اقدام کا حصہ ہے، شفافیت پر سمجھوتہ کیے بغیر نامزد ایس او ایز کی نجکاری میں تیزی لائی جانی چاہیے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو نجکاری کے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

مختلف اداروں کی نجکاری کے لیے ٹائم لائنز پر اپ ڈیٹس فراہم کی گئیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کا نجکاری منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا: پہلے مرحلے میں 10 سرکاری اداروں کی نجکاری، دوسرے مرحلے میں 13 اداروں کی نجکاری، اور تیسرے مرحلے میں باقی اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔

وزیراعظم نے نجکاری میں تیزی لانے اور مقررہ مدت میں اس کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اصلاحات پر بروقت عملدرآمد معاشی بحالی کو تیز کرنے کی کلید ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کا کردار کاروبار چلانا نہیں بلکہ پالیسی اقدامات پیدا کرنا اور تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء عبدالعلیم خان، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ اور سینئر حکام نے شرکت کی۔

Read Comments