پاکستان نے چین کے ساتھ آزمودہ، گہری اور پائیدار شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے یہ بات بیجنگ میں چین کے وزیراعظم لی کیانگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
صدر آصف علی زرداری نے چین اور پاکستان کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون پر مبنی پائیدار اور گہری شراکت داری پر روشنی ڈالی جسے دونوں ممالک کے رہنماؤں نے پروان چڑھایا ہے۔
ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے علاقائی رابطوں اور اقتصادی ترقی کے فروغ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
فریقین نے سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں قابل تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ مشترکہ ترقی اور مشترکہ خوشحالی کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔
صدر مملکت ہمسایہ ملک کے پانچ روزہ دورے پر ہیں اور ان کے ہمراہ سینئر وزراء پر مشتمل ایک وفد بھی ہے۔
پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
دریں اثنا پاکستان اور چین نے قابل تجدید توانائی، کھاد اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے۔
پاکستان کی ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی اور چین کے کنگ گونگ کنسٹرکشن گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت پاکستان میں سیمنٹ کی یومیہ پیداوار میں 5 ہزار ٹن اضافے کے لیے پروڈکشن لائن قائم کی جائے گی۔
سندھ کے محکمہ توانائی اور چین کی منگ یانگ رینیوایبل انرجی کمپنی کے درمیان ایک اور مفاہمت ی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر تعاون بڑھایا جائے گا۔
ایک روز قبل صدر زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی جہاں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت اور عوامی رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
دونوں ہم منصبوں نے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے بنیادی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا۔