پاکستان اور چین نے قابل تجدید توانائی، کھاد اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔
پاکستان کی ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی اور چین کے کنگ گونگ کنسٹرکشن گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے تحت پاکستان میں سیمنٹ کی یومیہ پیداوار میں 5 ہزار ٹن اضافے کے لیے پروڈکشن لائن قائم کی جائے گی۔
سندھ کے محکمہ توانائی اور چین کی منگ یانگ رینیوایبل انرجی کمپنی کے درمیان ایک اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر تعاون بڑھایا جائے گا۔
مزید برآں، حکومت سندھ اور ایک چینی کمپنی نے کوئلے کی گیسفیکیشن اور یوریا پیدا کرنے کے پلانٹ کے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ اور سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری دیگر سرکاری عہدیداروں کے ہمراہ منگل کو پانچ روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔
بدھ کو صدر زرداری نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔
پاکستان کے صدر سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت، مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور اور باہمی شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بنیادی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان منفرد، آزمودہ اور خصوصی تعلقات پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے سائنس و ٹیکنالوجی، میڈیا، صاف توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔