پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم اسماعیلیوں کے 50 ویں امام نامزد

05 فروری 2025

آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیا ہے کہ پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو اسماعیلی مسلمانوں کا 50 واں امام نامزد کیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت 49 ویں امام پرنس کریم آغا خان کی وفات کے بعد سامنے آئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو آج شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کا 50 واں امام (روحانی پیشوا) نامزد کیا گیا ہے، ان کے مرحوم والد پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی وصیت کے مطابق انہیں امام نامزد کیا گیا ہے۔ پرنس کریم الحسینی آغا گزشتہ روز پرتگال کے شہر لزبن میں 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

دنیا بھر میں گھوڑوں کی دوڑ میں کامیابیوں، شاندار دولت اور ترقیاتی کاموں کے لیے مشہور پرنس کریم آغا خان کے انتقال کے اعلان کے فوری بعد تعزیتوں کا ایک سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

عالمی رہنماؤں نے ان کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کو یاد کیا۔

Read Comments