مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان، چین کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

  • صدر زرداری کی چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات
  • دونوں شخصیات نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر تبادلہ خیال کیا
اپ ڈیٹ 05 فروری 2025

پاکستان اور چین نے سائنس و ٹیکنالوجی، میڈیا، کلین انرجی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

یہ پیشرفت ایسے موقع پر ہوئی ہے جب صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے 5 روزہ دورہ چین کے دوران اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کی۔

آصف علی زرداری دیگر سرکاری عہدیداروں کے ہمراہ منگل کو دورے پر بیجنگ پہنچے تھے اور اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

ایوان صدر کی جانب سے جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت، مشترکہ مفاد کے علاقائی اور بین الاقوامی امور اور باہمی شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے سائنس و ٹیکنالوجی، میڈیا، صاف توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بنیادی مفادات کے امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ ہر موسم میں اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان منفرد، سود مند اور خصوصی تعلقات پر زور دیا۔

انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے ”فوری تعاون کے تصور“ کا ایک روشن نمونہ قرار دیا۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے سی پیک کے دوسرے مرحلے اور دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری سمیت علاقائی رابطوں، مشترکہ مفادات اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ میں اس کے کردار کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے ”عوامی رابطوں اور ثقافتی تبادلوں“ کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت انہیں ایک دور اندیش رہنما اور پاکستان کے خاص دوست کی حیثیت سے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پاکستان اور چین کا انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے پر اتفاق

دریں اثنا صدر مملکت کے ہمراہ دورے پر موجود وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی چینی ہم منصب چی یانجن سے ملاقات کی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرحد کو مزید محفوظ بنانے کے لئے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ پولیس اور نیم فوجی دستوں کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چین سے پولیس کے لیے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے حصول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چین سے پولیس کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات خریدے گا۔

وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس کے درمیان تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں فریقین نے جنوری میں ہونے والے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

Read Comments