وزیرِاعظم شہبازشریف نے گرین چینل کی فوری بحالی کا اعلان کیا جو ایئرپورٹس پر کسٹمز کی رسمی کارروائیوں کے بغیر راستہ فراہم کرتا ہے تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں وہ ان کے دل میں خاص مقام رکھتے ہیں۔
اوورسیز پاکستانی گلوبل فاؤنڈیشن (او پی جی ایف) کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ ان کی حکومت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح کے لیے ہرممکن قدم اٹھائے گی اور ان کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت کے ذریعے دنیا بھر میں اعزازات حاصل کررہے ہیں،اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے غیر متزلزل عزم کی وجہ سے ترسیلات زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمایاں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سرکاری نیلے پاسپورٹ کے ساتھ خصوصی سفیرِ مقرر کیا جائے گا۔
او پی جی ایف کے چیئرمین ظاہر اختر نے کہا کہ تارکین وطن نے محفوظ، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اور مسلح افواج کو اپنی حمایت اور تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے یہ یقین دہانی سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وارننگ کے بعد سامنے آئی ہے جو اس وقت قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کے طور پر پاکستان میں ترسیلات زر روک دیں، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ اس سے شریف انتظامیہ کے معاشی استحکام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025