میکسیکو اور کینیڈا پر امریکی محصولات مؤخر، خام تیل کی قیمتیں گرگئیں

04 فروری 2025

خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو کمی ریکارڈ کی گئی کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پر سخت محصولات کے فیصلے کو ایک ماہ کے لیے مؤخر کردیا ہے جو کہ امریکہ کے سب سے بڑے غیر ملکی تیل فراہم کرنے والے ہیں،جبکہ اپریل سے اوپیک پلس کی طرف سے تیل کی سپلائی بڑھنے کے امکانات نے بھی قیمتوں پر اثر ڈالا ہے ۔

برینٹ فیوچر 50 سینٹ یا 0.7 فیصد کی کمی سے 75.46 ڈالر فی بیرل پر آگیا جب کہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 89 سینٹ یا 1.2 فیصد کی کمی سے 72.27 ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کے امیگریشن اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کی درخواست پر سرحدی نگرانی کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ 25 فیصد محصولات کو 30 دن کے لیے مؤخر کردیا جائے گا، جبکہ کینیڈا سے توانائی کی درآمدات پر 10 فیصد محصول نافذ کیا جائے گا جو کہ منگل سے لاگو ہونے والا تھا۔

آئی جی مارکیٹ اسٹریٹجسٹ یپ جون رونگ نے ایک ای میل میں کہا کہ عالمی مارکیٹوں کے لئے غالب موضوع امریکی محصولات کے بارے میں رہا ہے۔

ییپ نے مزید کہا کہ میکسیکو اور کینیڈا کے لیے محصولات میں تاخیر نے رسک سینٹیمنٹ میں بہتری کا موقع فراہم کیا ہے اور امریکی ڈالر میں کمی کا باعث بنی ہے، لیکن تیل کی قیمتیں اب بھی اوپر کی جانب بڑھنے میں مشکلات کا سامنا کررہی ہیں۔

اپریل سے اوپیک پلس کی طرف سے مارکیٹوں میں تیل کی اضافی سپلائی کی توقع قیمتوں کے لیے ایک بڑا دباؤ بن سکتی ہے… خاص طور پر جب کہ تیل کی قیمتیں ابھی تک اکتوبر 2024 کی سطح پر ہیں۔

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) اور اس کے اتحادیوں، جنہیں اوپیک پلس کے نام سے جانا جاتا ہے، نے پیر کو ٹرمپ کی طرف سے پیداوار بڑھانے کی درخواست پر تبادلہ خیال کیا، لیکن انہوں نے اپریل سے تیل کی پیداوار کو آہستہ آہستہ بڑھانے کی اپنی پالیسی پر قائم رہنے پر اتفاق کیا۔

تیل کی قیمتوں میں کمی

آئی این جی کے تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ کینیڈا تجارتی جنگوں کے لیے اس وقت تک کمزور رہے گا جب تک کہ وہ امریکہ سے باہر اپنے برآمدی اختیارات کو بڑھا نہ لے، جس کے لیے تیل کے میدانوں سے بندرگاہوں تک مزید پائپ لائنوں کی ضرورت ہے۔

آئی این جی نے کہا کہ اس بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں کئی سال لگیں گے، لیکن اس سے کینیڈا کے پروڈیوسرز کو زیادہ لچک ملے گی اور کینیڈین تیل کے لئے مزید مقامات کی صلاحیت ملے گی۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اس ہفتے کے اوائل میں چینی صدر شی جن پنگ سے بات چیت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ تمام چینی مصنوعات پر 10 فیصد ڈیوٹی کا اطلاق منگل سے ہوگا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے کیے گئے سروے میں تجزیہ کاروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ خام تیل کی انونٹریز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پٹرول اور ڈسٹیلیٹ انونٹریز میں ممکنہ طور پر کمی واقع ہوئی ہے۔

میکوری انرجی اسٹریٹجسٹ والٹ چانسلر نے کہا کہ 31 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکی خام تیل کے انونٹریز میں 10.8 ملین بیرل اضافے کی توقع ہے جبکہ پٹرول انونٹری میں اضافے کا امکان 500،000 بیرل ہونے کا امکان ہے۔

Read Comments