پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے دورے کے موقع پر اپنے بیان میں دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی اسپانسرز کے خلاف فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قوم اور مسلح افواج کی ثابت قدمی ان کی شکست کو یقینی بنائے گی۔
یہ بیان بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے مقصد سے جمعہ کی رات ایک آپریشن کے دوران کم از کم 18 فوجی جوانوں کی شہادت کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
گزشتہ دو روز کے دوران بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران کم از کم 23 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آج بلوچستان کا دورہ کیا اور سینئر سیکورٹی اور انٹیلی جنس حکام سے سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی۔
اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نے گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کی اورکوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال میں زخمی جوانوں کی عیادت کی اور قوم کے دفاع کے لیے ان کی ثابت قدمی کو سراہا۔
اپنے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے دہشت گردوں اور ان کے غیر ملکی سہولت کاروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے غیر ملکی آقاؤں کے لیے آلہ کار کے طور پر کام کرتے ہیں، دہرے معیار پر پھلتے پھولتے ہیں،انہیں ہم اچھی طرح جانتے ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ نام نہاد دشمن کچھ بھی کرلیں، انہیں ہماری قابل فخر قوم اور اس کی مسلح افواج کی ثابت قدمی سے شکست دی جائے گی۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ مادر وطن اور اس کے عوام کے دفاع کے لیے ہم بھرپور جوابی کارروائی کریں گے اور جب بھی اور جہاں بھی ضرورت پڑی دشمن کا تعاقب کرکے اسے ڈھونڈ نکالیں گے۔
بیان کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج، فرنٹیئر کور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور عزم کو بھی سراہا۔
آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے فوج کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کی کوششوں میں صوبائی حکومت کی مکمل حمایت کا وعدہ کیا۔