بانی پی ٹی آئی کے لیے امریکہ کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، محسن نقوی

01 فروری 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے حوالے سے امریکا کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی سے مذاکرات کی ترجیحات واضح کرنے کے لیے کہیں گے اور درخواست کریں گے کہ پارٹی 8 فروری کو ریلی منعقد کرنے سے گریز کرے۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور منگل کو پی ٹی آئی ارکان کی شرکت کے بغیر ختم ہوگیا۔

گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کمیٹی نے حکومت کی جانب سے مطالبات پورے نہ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے 28 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔

پی ٹی آئی نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پارٹی کا موقف ہے کہ مسلم لیگ (ن) ان مطالبات کو پورا کرنے میں غیر موثر ثابت ہوئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے مذاکرات جاری رہنے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب مذاکرات ہوتے ہیں تو شرائط عائد نہیں کی جانی چاہئیں اور ہمیں مل کر معاہدوں پر فیصلہ کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے تعاون سے پاسپورٹ کاؤنٹر قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تاکہ پاسپورٹ پروسیسنگ کے طویل انتظار کو کم کیا جاسکے۔

یہ کاؤنٹر 14 شہروں میں قائم کیے جائیں گے، جس کا مقصد شہریوں کے انتظار کے دورانیے کو کم سے کم کرنا ہے۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ نئی پاسپورٹ اتھارٹی مختلف مسائل کو حل کرنے میں مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ تبدیلیاں پہلے ہی نظر آ رہی ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے اشارہ دیا کہ پاسپورٹ کی بڑھتی طلب کی وجہ سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اندر ٹھوس اصلاحات جلد نافذ کی جائیں گی۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم عوام کے لئے مثالی نادرا مراکز قائم کر رہے ہیں۔

Read Comments