بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے ایک آپریشن کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ مقابلہ کرتے ہوئے 18 جوان شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن اور مخالف قوتوں کی ہدایت پر یہ بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی بلوچستان کے پُرامن ماحول کو تباہ کرنے اور خاص طور پر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی تھی.
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشنز جاری ہے، اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ہمراہ، بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو تباہ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
قبل ازیں جنوری میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچی میں آئی بی او کے دوران 27 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
آپریشن کے دوران فوجیوں نے خفیہ طور پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 27 دہشت گرد مارے گئے۔
اس میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ آپریشن کے دوران ہتھیاروں، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کے ذخیرے کے ساتھ متعدد خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد حملوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مطلوب فہرست میں شامل تھے۔