ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلسہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی بلین مارکیٹ میں جمعہ کو سونے کی قیمت 14 ڈالر کے اضافے سے 2792 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونے کی قیمت 1500 روپے کے نمایاں اضافے سے 2 لاکھ 91 ہزار 800 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچی۔
اسی طرح دس گرام سونا 1286 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 50 ہزار 171 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار 600 روپے کے بڑے اضافے سے 2 لاکھ 90 ہزار 300 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی تھی۔
دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 300 روپے پر مستحکم رہی۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمتیں جمعہ کو ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں اور مسلسل پانچویں ہفتے کے اضافے کی جانب گامزن رہیں۔ سرمایہ کاروں نے امریکی ٹیرف سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش کے باعث اس محفوظ اثاثے کی طرف رجحان بڑھایا جبکہ دن کے اختتام پر ایک اہم افراطِ زر رپورٹ کے منتظر رہے تاکہ مزید سمت کا تعین کیا جا سکے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.1 فیصد اضافے سے 2,797.48 ڈالر فی اونس رہی جو ہفتے میں اب تک تقریباً ایک فیصد اضافہ ہے۔
اس سے قبل سیشن میں قیمتیں 2,799.71 ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا سے درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ممالک کو خبردار کیا ہے۔