اینگرو کارپوریشن چاول پروسیسنگ کی ذیلی کمپنی ایم اے پی رائس ملز کو 2.4 بلین روپے میں فروخت کریگا

29 جنوری 2025

پاکستان کے سب سے بڑے گروپ اینگرو کارپوریشن نے اپنے ماتحت ادارے اینگرو ایکسمپ ایگری پروڈکٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ای ای اے پی) کو میپ رائس ملز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو 2.4 ارب روپے (8.61 ملین امریکی ڈالر) میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کا انکشاف اینگرو ہولڈنگز لمیٹڈ نے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں کیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ کے بورڈ نے کمپنی کو اینگرو ایکسمپ ایگری پروڈکٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی فروخت کے لیے شیئر پرچیز ایگریمنٹ کا معاہدہ (ایس پی اے) کرنے کی اجازت دی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بیسٹ وے گروپ سے منسلک میپ رائس ملز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ 2.4 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کے لیے ایس پی اے پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ اس ٹرانزیکشن کی تکمیل ایس پی اے میں طے شدہ شرائط سے مشروط ہے جس میں کارپوریٹ اور ریگولیٹری منظوریوں کی وصولی بھی شامل ہے۔

اینگرو کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق ای ای اے پی اینگرو کارپوریشن کی مکمل ملکیت کا ماتحت ادارہ ہے، یہ ملک میں چاول کی پروسیسنگ کے لیے جدید ترین انٹیگریٹڈ پلانٹ چلارہا ہے جو 70 ہزار ٹن چاول برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کچھ بڑے یورپی اور مشرق وسطی کے برانڈز ای ای اے پی صارفین میں شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ اینگرو کارپوریشن نے پاکستان موبائل کمیونی کیشنز لمیٹڈ (پی ایم سی ایل/جاز) سے 563 ملین ڈالر میں موبائل فون ٹاور نیٹ ورک خریدنے کا اعلان کیا تھا۔

اس وقت پی ایس ایکس کو اپنے نوٹیفکیشن میں اینگرو کارپوریشن نے بتایا تھا کہ اس کے ماتحت ادارے اینگرو کنیکٹ نے اپنے ماتحت ادارے دیودار (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے پی ایم سی ایل کے ٹاورز حاصل کیے تھے۔

اینگرو نے کہا کہ اینگرو دیودار کے 375 ملین ڈالر (پاکستانی روپے کے مساوی) قرض کی ادائیگی کی ضمانت دے گا اور پی ایم سی ایل کو 187.7 ملین ڈالر (پاکستانی روپے کے مساوی) کی اضافی رقم فراہم کرے گا۔

Read Comments