سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

  • اس سے قبل گزشتہ سال اکتوبر میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی
24 جنوری 2025

ملک میں سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، فی تولہ سونا 2900 روپے کے بڑے اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 29 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 2772 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پربھی فی تولہ سونا 2 ہزار 900 روپے اضافے کے بڑے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ 89 ہزار 600 روپے پر جاپہنچا۔

اسی طرح دس گرام سونا 2 ہزار 486 روپے کے نمایاں اضافے سے 2 لاکھ 48 ہزار 285 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 750 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 86 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔

دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 31 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 432 روپے ہوگئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تجارتی منصوبوں کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر سونے کی قیمتیں تین ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں اور مسلسل چوتھی ہفتہ وار تیزی کی راہ پر گامزن ہیں۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.8 فیصد اضافےسے 2774.49 ڈالر فی اونس رہی اور اس ہفتے اب تک اس میں 2 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل دن کے آغاز میں قیمتیں بڑھ کر 2,777.10 ڈالر تک پہنچ گئی تھیں، جو 31 اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ ہیں، جب وہ ریکارڈ 2،790.15 ڈالر تک جاپہنچا تھا۔

امریکی سونے کا فیوچر 0.6 فیصد اضافے سے 2,781.80 ڈالر رہا۔

Read Comments