عسکری بینک لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے ضیاء اعجاز کو تین سال کی مدت کے لئے بینک کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا ہے۔
بینک نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عسکری بینک لمیٹڈ (اے کے بی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جمعہ 24 جنوری 2025 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں ضیاء اعجاز کو تین سال کے لیے عسکری بینک لمیٹڈ کا صدر اور سی ای او تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عسکری بینک لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ ان کی تقرری اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) سے ضیا اعجاز کے فٹ اینڈ پرپر ٹیسٹ (ایف پی ٹی) کی کلیئرنس اور اس حوالے سے تمام قابل اطلاق قوانین، قواعد و ضوابط کی تعمیل سے مشروط ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سلیم انور کی بینک کے قائم مقام صدر اور سی ای او کی حیثیت سے گراں قدر خدمات کو سراہا ہے جو ضیاء اعجاز کے عہدہ سنبھالنے تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
فوجی فاؤنڈیشن کے ماتحت ادارے عسکری بینک لمیٹڈ کو 1991 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا جو ملک بھر میں اپنی 560 شاخوں اور ذیلی شاخوں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے روایتی، کارپوریٹ، اسلامی، کنزیومر اور زرعی بینکاری خدمات فراہم کرتا ہے۔
بینک کے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق بینک نے 2024 کے پہلے 9 ماہ میں 14.02 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا۔ بینک کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 9.68 روپے رہی۔