ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم

اپ ڈیٹ 24 جنوری 2025

انٹر بینک مارکیٹ میں جمعہ کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے قدر میں 0.03 روپے کی کمی کے ساتھ روپے 278 روپے 75 پیسے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق جمعرات کو روپیہ 278.72 پر بند ہوا تھا۔

عالمی سطح پر جمعہ کو آسٹریلوی اور نیوزی لینڈ ڈالرز کے ساتھ چینی یوآن کی قدر میں بھی اضافہ ہوا، جس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وہ بیانات تھے جن میں چین کے خلاف محصولات پر نرم مؤقف کا اشارہ دیا گیا تھا، جبکہ جاپانی ین بینک آف جاپان کی شرح سود کے فیصلے سے قبل محتاط رہا۔

ٹرمپ نے جمعرات کی شام فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ چین کے خلاف محصولات کے استعمال سے گریز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرسکتے ہیں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ان کی انتظامیہ کے دوران ہونے والے فیڈ کے پہلے پالیسی اجلاس سے چند روز قبل سامنے آیا ہے، جس میں بہت وسیع توقعات ہیں کہ حکام شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔

وسیع تر مارکیٹ میں، امریکی ڈالر دو ماہ میں اپنی بدترین ہفتہ وار گراوٹ کی طرف بڑھ رہا تھا، کیونکہ ٹرمپ کی جانب سے حلف برداری کے بعد بڑے پیمانے پر متوقع محصولات کے اعلانات پر عمل درآمد نہیں ہوا، جیسا کہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران دھمکی دی تھی۔

کرنسیوں کی ٹوکری کے مقابلے میں گرین بیک میں 1.4 فیصد کمی متوقع ہے ، جو نومبر کے بعد سے اس کی سب سے بڑی گراوٹ ہے۔

جمعہ کو امریکی ڈالر انڈیکس 0.23 فیصد کمی سے 107.89 پر جاپہنچا۔

تیل کی قیمتوں ، جو کرنسی کی برابری کا ایک اہم اشارہ ہیں، میں جمعہ کے روز زیادہ تبدیلی نہیں آئی، لیکن یہ ہفتہ وار کمی کی طرف بڑھ رہی تھیں کیونکہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی پیداوار کو بڑھانے کے لیے ایک جامع منصوبہ جاری کیا اور اوپیک سے خام تیل کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 45 منٹ پر برینٹ کروڈ فیوچرز 6 سینٹ اضافے سے 78.35 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ (ڈبلیو ٹی آئی) 4 سینٹ اضافے سے 74.66 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔

ہفتے کے لیے برینٹ میں اب تک 3.07 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 4.17 فیصد کمی آئی ہے۔

Read Comments