سیکورٹی فورسز نے ژوب میں 6 دہشتگرد ماردیے، آئی ایس پی آر

23 جنوری 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 جنوری کی شب سیکورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کا سراغ لگایا۔

بیان کے مطابق فورسز نے دراندازی روکنے کیلئے مؤثر انداز میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 6 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آپریشن کے بعد فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔

پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے اپنی سرحد پر موثر سرحدی انتظام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Read Comments