بھارتی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ بھارتی اور امریکی سفارتکار فروری میں واشنگٹن میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کا اہتمام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چین کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں امریکہ کا اسٹریٹجک پارٹنر بھارت امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور اپنے شہریوں کے لئے ہنر مند افراد کیلئے ملازمتوں کے ویزوں کے حصول کو آسان بنانے کا خواہاں ہے۔
ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی نے نئی دہلی میں حکام کے درمیان بھارت پر امریکی محصولات کے نفاذ کے بارے میں تشویش پیدا کر دی ہے، کیونکہ ٹرمپ نے بھارت کو ان ممالک میں شامل کیا ہے جنہوں نے امریکی مصنوعات پر زیادہ محصولات عائد کر رکھے ہیں اور ان کا یہ بھی اشارہ ہے کہ وہ ان کے جواب میں ان محصولات کو بڑھانے کے حق میں ہیں۔
ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکام کو امید ہے کہ دونوں کے درمیان جلد ملاقات سے ٹرمپ کی نئی مدت میں تعلقات کا مثبت آغاز ہوگا۔
ٹرمپ نے فروری 2020 میں اپنے سابقہ عہدے کے دوران بھارت کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہیں احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں 100,000 سے زائد بھارتیوں نے خوش آمدید کہا جہاں انہوں نے بھارت کے ساتھ ”حیرت انگیز تجارتی معاہدہ“ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
2019 میں، ٹرمپ نے ہیوسٹن میں مودی کے ساتھ ”ہاؤڈی مودی“ ریلی کا انعقاد کیا، جس میں 50,000 افراد شریک ہوئے، جن میں زیادہ تر بھارتی نژاد امریکی تھے۔
مودی اور ٹرمپ کے درمیان نئی ملاقات کی بنیاد رکھنا بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جئے شنکر کے ایجنڈے میں بھی شامل ہے جنہوں نے پیر کے روز ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔
امریکہ بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت 2023-24 میں 118 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی جبکہ بھارت کا تجارتی سرپلس 32 ارب ڈالر رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کے دیگر موضوعات میں ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانا شامل ہوگا۔
مائیگریشن ایک اور اہم موضوع ہوگا جس پر بات چیت کی جائے گی، کیونکہ ٹرمپ نے غیر قانونی امیگریشن پر سخت اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے لیکن کہا ہے کہ وہ ہنر مند کارکنوں کی قانونی مائیگریشن کے حق میں ہیں۔
بھارت، جو بڑے پیمانے پر اپنے آئی ٹی ماہرین کیلئے معروف ہے، جن میں سے بہت سے دنیا بھر میں کام کرتے ہیں، امریکہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ہنر مند کارکنوں کے اہچ-1 بی ویزوں کا بڑا حصہ وصول کرتا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ مارکو روبیو نے منگل کو جے شنکر کے ساتھ ”غیر معمولی مائیگریشن“ سے متعلق خدشات پر بات کی تھی۔