ڈونلڈ ٹرمپ پیر کے روز امریکی صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد وہ انتظامی اختیارات کی حدود کو آگے بڑھانے، لاکھوں تارکین وطن کو ملک بدر کرنے، اپنے سیاسی دشمنوں کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے اور عالمی سطح پر امریکہ کے کردار کو تبدیل کرنے کے وعدوں کے ساتھ ایک اور ہنگامہ خیز مدت کا آغاز کریں گے۔
ٹرمپ کی حلف برداری ایک ایسے سیاسی مخالف کے لیے کامیاب واپسی ہے جو مواخذے کے دو مقدمات، ایک سنگین سزا، دو بار قاتلانہ حملوں اور 2020 ء کے انتخابات میں اپنی شکست کو بدلنے کی کوشش کے الزام میں فرد جرم عائد ہونے سے بچ گئے ہیں۔
یہ تقریب امریکی کیپیٹل کے روٹنڈا ہال کے اندر دوپہر (مقامی وقت کے مطابق 17 بجے) منعقد کی جائے گی، چار سال قبل ٹرمپ کے حامیوں کے ایک ہجوم نے 2020 میں ڈیموکریٹ جو بائیڈن کے ہاتھوں ریپبلکن ٹرمپ کی شکست کو روکنے کی ناکام کوشش میں امریکی جمہوریت کی علامت کی خلاف ورزی کی تھی، اس بار شدید سردی کی وجہ سے 40 سال بعد پہلی بارصدر کی تقریب حلف برداری کھلے میدان کے بجائے عمارت کے اندر منتقل کی گئی ہے۔
19 ویں صدی کے بعد صدارتی انتخاب ہارنے والے لیکن دوسری مدت کے لیے پھرمنتخب پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ عہدہ صدارت کے پہلے دن، 6 جنوری 2021 کے حملے کے الزام میں گرفتار 1500 سے زائد افراد میں سے کئی کو معاف کر دیں گے۔
یہ وعدہ امیگریشن، توانائی اور محصولات سے متعلق انتظامی اقدامات میں سے ایک ہے جس پر ٹرمپ پیر کو عہدے کا حلف اٹھانے کے فوراً بعد دستخط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اتوار کے روز واشنگٹن میں انتخابی مہم کی طرز پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اپنے پہلے دن امیگریشن پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا عہد کیا۔
جیسا کہ انہوں نے 2017 میں کیا تھا، ٹرمپ ایک افراتفری اورخلل ڈالنے والی قوت کے طور پر اقتدار میں آئے، انہوں نے وفاقی حکومت کی تشکیل نو کا عہد کیا اور دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی سیاست کو شکل دینے والے امریکی قیادت والے اتحادوں کے بارے میں گہرے شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔
سابق صدر نائب صدر کملا ہیرس پر 20 لاکھ سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد واشنگٹن واپس آئے ہیں جس کی وجہ مسلسل مہنگائی پر ووٹروں کی مایوسی ہے، حالانکہ وہ اب بھی 50 فیصد اکثریت سے پیچھے رہ گئے ہیں۔ سنہ 2016 میں ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں 30 لاکھ کم ووٹ حاصل کرنے کے باوجود الیکٹورل کالج اور صدارتی انتخاب جیتا تھا۔
آسٹن کی یونیورسٹی آف ٹیکساس کے صدارتی مورخ جیریمی سوری نے موجودہ دور کا موازنہ 19 ویں صدی کے اواخر سے کیا، جب گروور کلیولینڈ واحد دوسرے صدر تھے جنہوں نے غیر متواتر طور پر دوسری بار انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اب کی طرح وہ بھی افراتفری کا دور تھا، جب صنعتی ترقی نے معیشت کو تبدیل کر دیا، دولت کی عدم مساوات میں اضافہ ہوا اور تارکین وطن امریکیوں کا تناسب ایک تاریخی عروج پر پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم جس چیز کے بارے میں بات کر رہے ہیں وہ بنیادی طور پر ایک مختلف معیشت ہے، نسلی اور صنفی اور سماجی ساخت کے لحاظ سے بنیادی طور پر مختلف ملک ہے، ہم ایک ایسے ملک کے طور پر یہ جاننے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں کہ اس کا کیا مطلب ہے۔ یہ ہماری بقا کے لیے فیصلہ کن لمحہ ہے۔
ٹرمپ دونوں ایوانوں میں ریپبلکن اکثریت سے لطف اندوز ہوں گے، جن میں تقریباً مکمل طور پر پارٹی کے اندرونی اختلافات کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ان کے مشیروں نے غیرجانبدار بیوروکریٹس کو منتخب وفاداروں سے تبدیل کرنے کے منصوبے پیش کیے ہیں۔
عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی کے چند ہفتوں بعد ہی ایک حریف طاقت کا مرکز قائم کیا تھا، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور پاناما نہر پر قبضہ کرنے، نیٹو اتحادی ڈنمارک کے علاقے گرین لینڈ کا کنٹرول سنبھالنے اور امریکہ کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں پر محصولات عائد کرنے کے بارے میں شور مچا کر تشویش پیدا کی۔
ان کا اثر و رسوخ گزشتہ ہفتے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان میں پہلے ہی محسوس کیا جا چکا ہے۔ ٹرمپ، جن کے ایلچی نے قطر میں مذاکرات میں شرکت کی تھی، نے متنبہ کیا تھا کہ اگر حماس نے حلف برداری سے قبل یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا تو انہیں خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران دعویٰ کیا کہ وہ اپنا عہدہ صدارت سنبھالتے ہی پہلے دن روس یوکرین جنگ ختم کر دیں گے لیکن ان کے مشیروں نے تسلیم کیا ہے کہ کسی بھی امن معاہدے میں کئی ماہ لگیں گے۔
2017 کے برعکس، جب انہوں نے کئی اعلیٰ عہدوں پر ادارہ جاتی افسران کو منتخب کیا تھا، ٹرمپ نے تجربے کی بجائے وفاداری کو ترجیح دی ہے، اور متنازعہ کابینہ کے ارکان کی ایک بڑی تعداد کو نامزد کیا ہے، جن میں سے کچھ وہ ایجنسیاں جن کی قیادت انہیں سونپی گئی ہے، ان کے کھلے عام نقاد ہیں۔
انہیں دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی بھی حمایت حاصل ہے جنہوں نے ٹرمپ کو منتخب کرانے میں مدد کے لیے 250 ملین ڈالر سے زیادہ خرچ کیے تھے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے مطابق ایمازون کے جیف بیزوس، میٹا کے مارک زکربرگ، الفابیٹ کے سندر پچائی اور ایپل کے ٹم کک سمیت دیگر ارب پتی ٹیکنالوجی رہنما بھی پیر کی تقریب میں مسک کے ساتھ شریک ہوں گے۔
ٹرمپ نے اتوار کے روز کہا تھا کہ وہ جمعے کو کیلیفورنیا جائیں گے جہاں وہ آگ سے متاثرہ لاس اینجلس کاؤنٹی کا دورہ کریں گے۔
’امریکی قتل عام‘
حلف برداری کی تقریب سخت سکیورٹی کے درمیان جاری رہے گی جس میں سیاسی تشدد میں اضافے کی نشاندہی کی گئی تھی جس میں ٹرمپ کے خلاف قتل کی دو کوششیں بھی شامل تھیں، جن میں سے ایک میں ان کے کان میں گولی لگی تھی۔
نیو اورلینز میں نئے سال کے موقع پر ہونے والے حملے کے بعد وفاقی حکام بھی الرٹ ہیں، جبکہ تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ داعش سے متاثر امریکی فوج کے ایک سابق اہلکار نے ایک پک اپ ٹرک کو جشن منانے والوں کے ہجوم پر چڑھا دیا، جس میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔ گزشتہ ہفتے ایف بی آئی نے ممکنہ طور پر اسی سے ملتے جلتے حملوں کے بارے میں خبردار کیا تھا۔
آٹھ سال قبل ٹرمپ نے اپنے افتتاحی خطاب میں جرائم سے متاثرہ شہروں اور نرم سرحدوں کے ’امریکی قتل عام‘ کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
غیر ملکی حکومتیں پیر کے روز ٹرمپ کی تقریر کے لہجے کا جائزہ لیں گی کیونکہ انہوں نے اشتعال انگیز بیانات سے بھرپور مہم چلائی تھی۔
وائٹ ہاؤس کے پاس پنسلوانیا ایونیو میں روایتی پریڈ اب کیپٹل ون ایرینا میں ہوگی، جہاں ٹرمپ نے اتوار کو اپنی فتح کی ریلی نکالی تھی۔ ٹرمپ شام کو تین افتتاحی محافل رقص میں بھی شرکت کریں گے۔
اس دن کے جشن کے دوران، ٹرمپ درجنوں ایگزیکٹو احکامات میں سے پہلے پر دستخط کرنا شروع کریں گے.
منصوبہ بندی سے واقف ایک ذرائع نے بتایا کہ کچھ اقدامات منشیات فروشوں کو ”غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں“ کے طور پر درجہ بندی کرنے اور دیگر اقدامات کے علاوہ امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر ہنگامی حالت کا اعلان کرکے امیگریشن قوانین کو سخت کرنا شروع کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر احکامات کا مقصد بائیڈن کے ماحولیاتی قوانین کو ختم کرنا اور امریکہ کو پیرس ماحولیاتی معاہدے سے الگ کرنا ہوسکتا ہے۔
بہت سے ایگزیکٹو آرڈرز کو قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نیو یارک کی جیوری نے ٹرمپ کو ایک پورن اسٹار کو راز چھپانے کے عوض دی گئی خفیہ رقم چھپانے کے لیے کاروباری ریکارڈ میں جعل سازی کا مجرم قرار دیا ہے جس کے بعد وہ وائٹ ہاؤس پر قبضہ کرنے والے پہلے مجرم ہوں گے۔ وہ فی الوقت اپنی سزا سے بچ گئے کیونکہ جج نے عنقریب بننے والے صدر پر جرمانے عائد کرنے کے سزا کا ناممکن ہونا تسلیم کیا۔
انتخابات جیتنے کے بعد ٹرمپ پر دو وفاقی الزامات عائد کیے گئے جن میں 2020 ء کے انتخابات کو الٹنے کی سازش اور خفیہ دستاویزات کو اپنے پاس رکھنے کا الزام شامل ہے۔
گزشتہ ہفتے جاری ایک رپورٹ میں اسپیشل کونسل جیک اسمتھ نے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ ٹرائل تک پہنچ جاتے تو انہوں نے ان کو انتخابی مقدمے میں مجرم قرار دینے کے لیے کافی ثبوت جمع کر لیے ہیں۔