وزیرخزانہ ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے ڈیووس روانہ

20 جنوری 2025

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) 2025 کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس روانہ ہوگئے۔

اپنے دورے کے دوران اورنگزیب مختلف ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے سیاسی، تجارتی اور کاروباری رہنماؤں سے بات چیت کریں گے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ دورے کے دوران مختلف سیشنز اور مباحثوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ پاکستان کا معاشی منظرنامہ بھی پیش کریں گے۔

فورم کے دوران ترقی پذیر معیشتوں پر عالمی قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے بارے میں اعلیٰ سطحی بحث میں اورنگزیب پینل لسٹ کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ وہ مالیاتی پالیسیوں اور قرضوں کی پائیداری میں تبدیلیوں کے ذریعے مضبوط اور لچکدار معیشتوں کی تعمیر کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کی وضاحت کریں گے۔

وزیر خزانہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے منصفانہ اور منافع بخش تجارت اور سرمایہ کاری کے حصول میں نئی ٹیکنالوجیز خاص طور پر مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن کے انقلابی اثرات پر ایک اعلی سطحی بحث میں پینل لسٹ کی حیثیت سے بھی حصہ لیں گے۔

بیان کے مطابق اورنگزیب سعودی عرب، مصر اور قطر کے وزارتی وفود سے بھی ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران وزیر خزانہ پاتھ فائنڈر گروپ کے زیر اہتمام ”ڈیجیٹل پاکستان“ اور ”پاکستان میں سرمایہ کاری“ کے موضوع پر دو الگ الگ مباحثوں میں شرکت کریں گے۔

ڈبلیو ای ایف کا 55 واں سالانہ اجلاس ”اسمارٹ ٹیکنالوجیز کے دور سے آگے رہنے کے لئے تعاون“ کے موضوع کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس سالانہ اجلاس میں متعدد سربراہان مملکت و حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے رہنما شرکت کریں گے۔ فورم میں نجی شعبے، نوجوانوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے ایک ہزار سے زائد اعلیٰ سطحی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

Read Comments