وادی تیراہ میں سیکورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 5 خارجی دہشت گرد ہلاک

17 جنوری 2025

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پختونخوا کے ضلع خیبرکے علاقے وادی تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر کارروائی کے نتیجے میں گھیر لیا جبکہ اس دوران گروہ کے سرغنہ عابداللہ عرف تراب سمیت 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ ایک خارجی دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ یہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد وارداتوں اور اس کے ساتھ ہی بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔

علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

سکیورٹی فورسز نے 14 دسمبر 2024 سے اب تک وادی تیراہ میں 27 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حال ہی میں ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جن میں سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گھناؤنے اقدامات کے جواب میں سیکیورٹی فورسز خوارج کے خلاف علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کر رہی ہیں۔

یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال نہیں ہو جاتا اور خوارج کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

Read Comments