ٹیرف کا اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کے الیکٹرک کی ٹیم کی حکام سے ملاقات

17 جنوری 2025

باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مارک اسکیلٹن کی سربراہی میں کے الیکٹرک کی ٹیم نے اہم حکومتی حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں زیر التوا ٹیرف سمیت حل طلب مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر توانائی سردار اویس لغاری کی جانب سے مبینہ طور پر سات سال کے لیے بجلی کا ٹیرف مانگنے پر پاور کمپنی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے صارفین پر 500 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کے الیکٹرک کے معاملات پر ایک اور اجلاس جمعرات کو ہونا تھا جو بدھ کی رات ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی ٹیم نے نیپرا کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور جنریشن ٹیرف، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی ٹیرف اور کے الیکٹرک کے 68 ارب روپے کے کلیمز معاف کرنے سمیت دیگر امور کی وضاحت کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments