پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے 14 دسمبر 2024 سے اب تک ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کے دوران 22 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ ان کارروائیوں کے دوران18 خوارج زخمی بھی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حال ہی میں ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے دہشت گردی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جن کے نتیجے میں متعدد افراد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان گھناؤنے اقدامات کے جواب میں سیکورٹی فورسز خوارج کے خلاف علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کر رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 14 دسمبر 2024 سے اب تک سیکورٹی فورسز نے مختلف آئی بی اوز کے دوران 22 خوارج کو کامیابی کے ساتھ واصل جہنم کیا جبکہ 18 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے عزم کا اظہار کیا کہ یہ آپریشنز اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک علاقے میں امن بحال نہیں ہو جاتا اور خوارج کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خطرے کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان میں حالیہ دنوں میں شدت پسند حملوں میں اضافہ ہوا ہے، اور پاکستان نے افغان طالبان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی کے شدت پسندوں کو پناہ فراہم کر رہے ہیں، جو سرحد پار حملوں کی ذمہ دار ہے۔
گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے سفیر محمد صادق کو دوبارہ افغانستان میں پاکستان کا نمائندہ خصوصی مقرر کیا تھا۔
ان کی ذمہ داریوں میں سیکورٹی کے خدشات کو حل کرنا، خاص طور پر ٹی ٹی پی سے متعلق مسائل، افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کے معاملے پر توجہ دینا اور سفارتی تعلقات کو فروغ دینا شامل ہیں۔