محمد اورنگزیب کی جان کے سی لی سے ملاقات، پاک، ہانگ کانگ اقتصادی تعلقات فروغ دینے پر غور

14 جنوری 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہانگ کانگ اسپیشل ایڈمنسٹریٹو ریجن (ایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جان کے سی لی سے ملاقات کے دوران کیا جس کا مقصد پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون، تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف موضوعات پر تعمیری بات چیت کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت کا مقصد قریبی تعلقات کو فروغ دینا، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی راہیں تلاش کرنا تھا۔

اورنگزیب نے پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فنانس، ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے دونوں خطوں کو جوڑنے والی مشترکہ قدروں اور مفادات کا ذکر کیا اور پاکستان کے ان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دریں اثنا جان کے سی لی نے اورنگ زیب کے دورے کا خیر مقدم کیا اور پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان تعاون بڑھانے کے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے اقتصادی ترقی، اختراعات اور ثقافتی تبادلے کو آگے بڑھانے کے لئے مضبوط شراکت داری کو فروغ دینے کی اہمیت کو تسلیم کیا اور اس طرح کے تعاون کے باہمی فوائد پر زور دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیف ایگزیکٹو جان کے سی لی کے درمیان ملاقات دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں سود مند روابط کے مواقع تلاش کرنے کے عزم کی عکاسی ہے۔

لی سے ملاقات سے قبل ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ (ایس سی ایم پی) کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محمد اورنگ زیب نے کہا کہ پاکستان ہانگ کانگ کے ساتھ مزید مشترکہ منصوبے اور عالمی مالیاتی مرکز میں اپنی کمپنیوں کے لیے سیکنڈری لسٹنگ پر غور کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مثال کے طور پر اگر پاکستان سے باہر کی کمپنیوں کو مقامی کمپنیوں کے ساتھ جوائنٹ وینچرز کے طور پر ہانگ کانگ اسٹاک ایکسچینج میں آنے اور پرائمری اور سیکنڈری لسٹنگ کرنے کا موقع ملتا ہے تو میرے خیال میں یہ نہ صرف پاکستان میں سرمایہ کاری کے لحاظ سے بلکہ بیرونی سرمایہ کاری کے لحاظ سے بھی ایک حقیقی جیت ثابت ہوسکتی ہے۔

محمد اورنگ زیب نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں اور بینکوں نے روایتی طور پر لندن اسٹاک ایکسچینج میں ثانوی لسٹنگ کا انتخاب کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ کہوں گا کہ ہانگ کانگ یقینی طور پر کمپنیوں کے لئے سرمایہ جمع کرنے کی منزل کے طور پر خود کو فروغ دینے میں مزید کام کرسکتا ہے۔

محمد اورنگ زیب 18 ویں ایشین فنانشل فورم (اے ایف ایف) میں شرکت کے لیے ہفتے کے روز ہانگ کانگ روانہ ہوئے تھے جہاں وہ اہم ایشیائی مالیاتی اداروں کے سربراہان اور سینئر حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

وہ ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم اراکین اور رہنماؤں سے بھی ملاقات یں کریں گے۔

Read Comments