پاکستان اور سعودی عرب نے سالانہ حج معاہدے 2025 پر دستخط کر لیے

13 جنوری 2025

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سالانہ حج معاہدہ 2025 پر دستخط ہوگئے جس کا مقصد پاکستانی عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ یہ بات پاکستان کے سرکاری ریڈیو نے اپنی ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے سالانہ حج معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین کو حج کی اجازت دی جائے گی۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ ان حاجیوں کو منیٰ میں کم نرخوں پر خصوصی رہائش فراہم کی جائے گی۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے یقین دلایا کہ سعودی عرب پاکستانی عازمین حج کے لیے بہتر سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

حج کے سفر کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔

عازمین حج کے پاس 4 سے8 دن کی مدت کے لئے مدینہ منورہ میں اپنی رہائش کا انتخاب کرنے کا اختیار ہوگا۔ ہر عازم حج کو ایک خصوصی طور پر تیار کردہ بیگ دیا جائے گا جس میں پاکستانی پرچم، شناخت کے لئے ایک کیو آر کوڈ اور متعلقہ معلومات شامل ہوں گی۔

ایک خصوصی موبائل ایپ عازمین کو ان کے موبائل فون پر تمام معلومات فراہم کرے گی ، جس سے وہ اپنے حج گروپ کی معلومات ، تربیتی شیڈول ، پرواز کی تفصیلات ، سعودی عرب میں رہائش ، اور حج کے دوران مقامات کے براہ راست نقشے اور مقامات کے بارے میں تازہ ترین معلومات سے آگاہ رہ سکیں گے۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین جدہ میں سعودی وزارت حج کے زیر اہتمام چار روزہ بین الاقوامی حج کانفرنس اور ایکسپو میں بھی شرکت کریں گے جہاں عازمین حج کو سہولتوں کی فراہمی کے ذمہ دار اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ اضافی معاہدے کیے جائیں گے۔

Read Comments